امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو کی اسلام آباد میں ملاقات


لاہو ر (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے پاکستان میں جمہوریۂ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ترکیہ کا ہر پاکستانی کے دل میں ایک خاص منفرد مقام ہے۔ ہماری دوستی کی تاریخ صدیوں پر محیط ہے۔ پاکستان اور ترکیہ دینی اورتہذیبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی عوامی سطح پر باہمی تعلقات کو مضبوط تر بنانا چاہتی ہے۔

امت کے مسائل کے حل کے لیے مسلمان صدر اردگان کی جانب امید کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ ہماری اقدار اور چیلنجز مشترک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل غزہ کے تحفظ کے لیے مسلمان ممالک کو مشترکہ پالیسی بنانی چاہیے اور عوامی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی فراست شاہ اور ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔

عرفان نذیر اوغلو نے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کے ساتھ ہر میدان میں اشتراک کا عمل کرنا چاہتے ہیں۔ ترکیہ اور پاکستان کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔ ہم تعلیم، تجارت، ثقافت اور پیشہ ورانہ تربیت کے منصوبوں میں باہمی اشتراک کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے امیر جماعت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ مشاورت جاری رکھیں گے۔