وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت سول سروس ریفارمز کمیٹی کا اجلاس


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت سول سروس ریفارمز کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا جس میں وزیر پٹرولیم، سیکرٹری کابینہ، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی اور کلیدی وزارتوں بشمول اقتصادی امور ڈویژن (ای اے ڈی) کے نمائندے شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر نے عوامی شعبے کو درپیش مسائل خصوصا ماہر پیشہ ور افراد کو برقرار رکھنے کے چیلنجز پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ عوامی شعبے کے کئی پیشہ ور افراد کی صلاحیتیں ان کے عہدوں کی ضروریات سے مطابقت نہیں رکھتیں۔انہوں نے زور دیا کہ کارپوریٹ شعبے سے سیکھ کر اس خلا کو پر کیا جا سکتا ہے۔

سول سروس ریفارمز پر گفتگو کو آگے بڑھانے کے لیے اینگرو کارپوریشن، یونی لیور اور وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ (سابقہ شیل پاکستان لمیٹڈ) کے ایچ آر منیجرز نے آن لائن شرکت کی۔ انہوں نے کمیٹی کو اپنی تنظیموں میں اپنائے جانے والے بھرتی اور ایچ آر تربیتی ماڈلز کے بارے میں بریفنگ دی اور میرٹ اور ملازمین کو مناسب انعام دینے کی پالیسی پر اپنے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے لوگ ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں اور یہ بھی کہ کردار پر مبنی قیادت ان کی ایچ آر حکمت عملی کی بنیاد ہے۔

اجلاس میں نجی کمپنیوں کے ان فوائد پر بھی غور کیا گیا۔ عوامی شعبے کی موجودہ قواعد و ضوابط کی وجہ سے پیچیدگیوں کو تسلیم کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے کارپوریٹ طریقے تلاش کیے جائیں جنہیں دستیاب عوامی وسائل کے اندر اپنایا جا سکے۔کمیٹی کو ہدایت دی گئی کہ ان مباحثوں سے حاصل ہونے والے قابل عمل نکات کو شامل کرتے ہوئے سول سروس کی بھرتی، تربیت اور کارکردگی کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہایک مسابقتی اور موثر عوامی شعبے کی افرادی قوت کو یقینی بنایا جا سکے۔۔