وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی شہید کیپٹن زوھیب الدین کے گھر آمد، اہلخانہ سے اظہار تعزیت


لاہور(صباح نیوز)وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان حال ہی میں شہید ہونے والے کیپٹن زوھیب الدین کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے نانا، چھوٹے بھائی اور غمزدہ خاندان کے افراد سے ملاقات کی۔انہوں نے شہید کی جرات و بہادری کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن زوھیب الدین نے ہمارے ماتھے کے جھومر شہدا اور قومی ہیروز میں اضافہ کیا جس پر ساری قعدہ بجا طور پر فخر کر سکتی ہے، وفاقی وزیرنے کہا کہ پاک فوج شہدا اور غازیوں سے مزئین اور اس دھرتی کی حفاظت کے لئے ہر وقت سر بکف ہے اور دشمن کا بھر پور مقابلہ کرنا اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنا ہمارے جوانوں کی شان، آن اور مان ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ کیپٹن زوھیب الدین کے نام سے پارک ویو سٹی میں ایک سڑک کو منسوب کرنا انتہائی چھوٹا سا نذرانہ ہے کیونکہ درحقیقت یہ اس سوسائٹی اور ہر گھر کے ہر فرد کے لئے اعزاز اور مسرت کی بات ہے کہ اس عظیم شخصیت کی رہائش گاہ اس سوسائٹی میں ہے۔انہوںنے کہا کہ کیپٹن زوھیب الدین نے جرات و بہادری کی جو تاریخ رقم کی وہ تمام نوجوانوں اور ہر پاکستانی کیلئے مشعل راہ ہے انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے ہمت اور حوصلے کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی وطن عزیز کی حفاظت فرمائے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام کرے۔