قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواران کی نامزدگی کے بعدانتخابی مہم کا آغاز کر دیا،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجا ب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ صوبائی ومرکزی پارلیمانی بورڈ سے قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواران کی منظوری کے بعد شمالی پنجاب سے عام انتخابات کی تیاریوں کا آغازہوگیا ہے ،سیاسی قیادت،پنجاب کے آمدہ بلدیاتی انتخابات کوفوکس کرتے ہوئے ہرسطح پرامیدواران کومتحرک کرے تاکہ قومی انتخابات میں اس جدوجہد کے اثرات سمیٹے جاسکیں ،جماعت اسلامی کے نامزد امیدواران پرقیادت ا ورکارکنان نے اعتماد کیا ہے ان کی جدوجہد میں اللہ کی مدد شامل ہوگی کیونکہ ان کا مقصدسرمایہ کاری کرکے عوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹنے کی بجائے عوامی مسائل کے حل کے ساتھ پاکستان میں نظام مصطفے ۖکا قیام ہے ۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے الیکشن 2023کے لیے راولپنڈی ڈویژن سے قومی وصوبائی اسمبلی کے نامزد امیدواران کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پرمرکز ی ناظم انتخابات وقارندیم وڑائچ،صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،سیکرٹری سیاسی کونسل رسل خان بابر،صدرنیشنل لیبرفیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی ،امرائے اضلاع نصراللہ رندھاوا،سردارامجدعلی خان ،ڈاکٹرقاسم محمود، پروفیسرا شرف آصف،رانا محمداعظم،صدرسیاسی کونسل ضلع راولپنڈی رضااحمدشاہ ،صوبائی صدرالخدمت فائونڈیشن رضوان احمد، صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،صدرجے آئی یوتھ پنجاب اویس اسلم مرزا،سمیت دیگرذمہ داران اورامیدواران شریک ہوئے ۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ حکومت کا کہیں بھی وجودنظرنہیں آتافیصلے نادیدہ قوتیں کرتی ہیں کٹھ پتلیاں قومی خزانے پربوجھ ہیں ،پی ڈی ایم کے نام پراپوزیشن اتحاد حقیقت میں انتشارکا مجموعہ ہے ،اتحادی اوربائیکاٹ کی سیاست کودفن کردیا ہرحلقے میں ترازوکے نشان پرالیکشن میں حصہ لیں گے جماعت اسلامی قوم کے لیے امیدہے ۔