اسلا م آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی ، جنرل سکریٹری پرویز احمد اور سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے اسلام آباد سے جاری اپنے ایک مشترکہ بیان میں عالمی انسانی یکجہتی کے دن کے موقعہ پر اقوام عالم ،اسلامی ممالک ،اور انسانیت سے پیار کرنے والے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انسانی یکجہتی کا دن مناتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم لوگوں کو نہ بھولیں ، وہاں جاری انسانی المیہ کو نظر انداز نہ کریں ۔بھارت جب سے غیر آئینی و غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر پر قابض ہے اس نے کشمیریوں کو تمام بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر رکھا ہے ۔ان پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ان کی آواز کو طاقت کے زور پر دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ان کی زمینوں پر قبضہ کیا جارہا ہے۔ان کے گھر اجاڑے جارہے ہیں۔ان کی شناخت ان سے چھینی جارہی ہے۔اور مودی حکومت ریاست کی مسلم ثقافت کو مٹانے کی ہر کوشش کر رہی ہے۔ حریت رہنماں نے کہا کہ کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔ریاست جموں و کشمیرکا مسلم تشخص ختم کرکے اس کو ایک ہندو ریاست بنانے کی کوشش زوروں پر ہے جس کے لیے بیالیس لاکھ سے زیادہ غیر ریاستی باشندوں کو ریاست جموں و کشمیر میں بسایا جارہا ہے ۔
حریت رہنماؤں نے کہا کہ ہم انسانی یکجہتی کے عالمی دن کے موقعہ پر بین الاقوامی برادری سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیر کے مسلے کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے اپنا منصبی کردار ادا کرے۔تینوں رہنماوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اس مسئلے پر فوری توجہ دینی چاہیے اور مسلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق اس کے باعزت، منصفانہ اور پائیدار حل کی طرف آگے بڑھنا چاہیئے ۔ اس دن کی مناسبت سے انہوں نے تمام عالمی رہنماوں ،سیاسی ،سماجی و مذہبی جماعتوں ۔دانشورں،طلبا تنظیموں اور انسانیت سے پیار کرنے والے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے بے آواز لوگوں کی آواز بنیںسوشل میڈیا اور دیگر ذرائع کے ذریعے کشمیر کی صورتحال کے بارے میں آگاہی پھیلائیں۔ اور کشمیریوں کی جائز جدوجہد کا ساتھ دیں