موٹرویز اور شاہراہوں کیلئے این ایچ اے سیفٹی اور سکیورٹی پلان تیار کرے:عبدالعلیم خان

 اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر مواصلات،نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھر کی موٹرویز اور جی ٹی روڈز سمیت اس ادارے کے زیر انتظام شاہراہوں کے لئے باقاعدہ سیفٹی اینڈ سکیورٹی پلان تیار کیا جائے جس کے تحت حادثات میں زخمی ہونے والوں کو کم سے کم وقت میں طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ریسکیو کیا جا سکے۔ اس پلان میں چاروں صوبوں میں ہیلی کاپٹر سروس اور 1122کی طرز پر فوری ایمبولنس کی فراہمی کو شامل کیا جائے تاکہ زخمیوں کو وقت کے ضیاع کے بغیر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ این ایچ اے کراچی سے پشاوراور بلوچستان کی شاہراہوں پر ایمرجنسی سروسز سینٹر کے قیام کی بھی نشاندہی کرے اور اس سلسلے میں ادارے کو آئندہ ایک ہفتے کے اندر ہنگامی بنیادوں پر منصوبہ بندی کر کے باقاعدہ پلان پیش کرنا چاہیے۔ اس امر کا اظہار وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں وفاقی وزیر مواصلات نے موٹرویز اور تمام شاہراہوں پر ایکسل لوڈ کی پابندی کو مزید سخت بنانے،کسی قسم کی نرمی نہ برتنے اور جرمانوں میں ایک ہزار فیصد تک اضافے کی ہدایات جاری کیں تاکہ مروجہ وزن سے زیادہ لوڈ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی لاہور سیالکوٹ موٹروے کی طرز پر دیگر شاہراہوں کو بھی بیرئیر فری کرے تاکہ سفر کرنے والوں کا وقت بچایا جا سکے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو بیرئیر فری سفر اور ادارے کی دیگر اصلاحات کے حوالے سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں عوامی آگاہی کے لئے بھی موثر میڈیا مہم شروع کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ موٹرویز اور ہائی ویز پر سفر کرنے والے تمام شہریوں کی جانیں ہمیں انتہائی عزیز ہیں جس کے لئے قومی شاہراہوں پر حادثات کا باعث بننے والی ہر قسم کی گاڑیوں کے خلاف اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

عبدالعلیم خان نے شہریوں کے لئے سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لئے پٹرولنگ سے محروم علاقوں میں موٹروے پولیس کو فوری پٹرولنگ شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس اعلی سطحی اجلاس میں حیدرآباد سکھر موٹروے کی تعمیر کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور و خوض کیا گیا جبکہ سیالکوٹ سے کھاریا ں موٹروے کی تعمیر کے مختلف پہلوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اجلاس کو مختلف محکمانہ امور اور ملک بھر میں جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔