اسلام آباد(صباح نیوز)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2025 کے داخلوں کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ یاد رہے کہ سمسٹر خزاں 2024 تک یونیورسٹی داخلے دو مرحلوں میں پیش کرتی آرہی تھی،وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے داخلوں اور امتحانات کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لئے چند اصلاحات کئے ہیں،
نئی پایسی کے تحت اب میٹرک تا پی ایچ ڈی تمام پروگراموں کے داخلے ایک ساتھ ایک ہی مرحلے میں یکم جنوری سے شروع ہوں گے۔ سمسٹر بہار 2025 کے داخلوں میں میٹرک، ایف اے، آئی کام، ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس، ایسوسی ایٹ ڈگری اِن کامرس، ایسوسی ایٹ ڈگری اِن ایجوکیشن، بی ایڈ، بی ایس فیس ٹو فیس اور او ڈی ایل پروگرامز، پوسٹ گریجویٹ پروگرامز، ایم ایس، ایم فل، پی ایچ ڈی، ڈپلومہ پروگرامز اور سرٹیفکیٹ کورسز بھی شامل ہوں گے۔تمام پروگرامز کے داخلہ فارم اور
پراسپکٹس یکم جنوری سے یونیورسٹی کی ویب سائٹwww.aiou.edu.pk پر فراہم کردئیے جائیں گے۔طلبہ کی کونسلنگ و معاونت کے لئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ملک بھر میں قائم اپنے 54علاقائی دفاتر کے ناظمین کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ داخلوں کے آغاز سے قبل اپنے اپنے کیمپسز میں سٹوڈنٹ فیسی لیٹیشن مراکز قائم کریں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کیمپسز میں آنے والے داخلے کے خواہشمندتمام طلبہ کو ہر ممکن سپورٹ دستیاب ہو،
یہاں تک کہ انہیں آن لائن اپلائی کے لئے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سہولت بھی مفت فراہم ہو۔وائس چانسلر نے ریجنل ہیڈز کو یہ بھی ہدایات جاری کردی ہیں کہ و ہ ضم شدہ قبائلی اضلاع)سابقہ فاٹا(، گلگت بلتستان اور بلوچستان بھر میں یہ پیغام گھر گھر پہنچادیں کہ اِن علاقوں کے عوام کے لئے یونیورسٹی میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کرتی ہے۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ آؤٹ آف سکول بچوں کو داخل کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے جس کے لئے ہم غریب بچوں کو فیسوں میں رعایت بھی فراہم کریں گے۔
انہوں نے ریجنل ہیڈر کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے خواجہ سرا کمیونٹی تک بھی یہ پیغام پہنچادیں کہ ان کو بھی یونیورسٹی میٹرک تا پی ایچ ڈی مفت تعلیم فراہم کرتی ہے۔وائس چانسلر نے ناظمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے جیلوں کے دورے بھی کریں اور قیدیوں تک نہ صرف یہ پیغام پہنچا ئیں کہ یونیورسٹی قیدیوں کو مفت تعلیم دیتی ہے بلکہ انہیں داخلہ لینے کی جانب راغب کریں۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی خواہش ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی قومی تعلیمی ایمرجنسی کے اہداف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کریں اور اس مقصد کے تحت یونیورسٹی کی کوشش ہے کہ کوئی ایک بھی بچہ محض داخلہ فیس ادا نہ کرسکنے کی وجہ سے تعلیم کے حصول سے محروم نہ رہ جائے، یونیورسٹی غریب بچوں کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کی بھر پور کوشش کررہی ہے۔