پاکستان کو درپیش اہم مسائل میں پارلیمنٹ کو موثر کردار ادا کرنا ہوگا یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ پاکستان کو درپیش اہم مسائل جیسے امن و استحکام، سماجی و اقتصادی ترقی، ماحولیاتی پائیداری اور غذائی تحفظ کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے، جس میں پارلیمنٹ کو موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت پاکستان انسٹی ٹیوٹ برائے پارلیمانی سروسز (PIPS) کے بورڈ آف گورنرز (BoG)کا افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ نے بورڈ کے نئے اراکین کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان کی پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط بنانے میں PIPS کے کردار کو مزید فعال کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے PIPS کی گراں قدر خدمات اور ادارے کی جانب سے حاصل کیے گئے اہم سنگ میل کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش اہم مسائل جیسے امن و استحکام، سماجی و اقتصادی ترقی، ماحولیاتی پائیداری اور غذائی تحفظ کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے، جس میں پارلیمنٹ کو موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ “پیپس (PIPS) کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ اراکین پارلیمنٹ کو موثر قانون سازی اور پالیسی حل تیار کرنے میں مدد فراہم کی جا سکے۔” انہوں نے مزید کہا کہ عوامی امنگوں کے مطابق قانون سازی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔چیئرمین سینیٹ نے آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلیوں اور صوبائی اسمبلیوں کی (PIPS) میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو بھی تسلیم کیا اور کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، سہولیات سے آراستہ ایوان اراکین پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

اجلاس کے دوران جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ “مصنوعی ذہانت کا شعبہ قانون ساز اداروں کے لیے بڑے مواقع فراہم کرتا ہے، اس لیے اراکین پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کے سٹاف کی استعداد کار بڑھانا ناگزیر ہے۔” انہوں نے اراکین پارلیمنٹ اور اسمبلی کے عملے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کورسز متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں (PIPS) کی مجموعی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران ادارے کی اب تک کی کامیابیوں اور آئندہ کے منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی۔بورڈ آف گورنرز نے متفقہ طور پر سینیٹ سیکریٹریٹ کے BS-22 گریڈ کے افسر عاصم خان گورایہ کی تین سال کی مدت کے لیے ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر PIPS کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر تقرری کی توثیق کی۔اجلاس کے اختتام پر چیئرمین سینیٹ نے تمام اراکین کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور PIPS کو پارلیمانی خدمات میں مزید فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ “PIPS کو پارلیمانی امور میں جدت لانے اور پارلیمنٹ کی قانون سازی کی صلاحیت کو مزید بڑھانے کے لیے اہم اقدامات کرنے چاہئیں۔”