لاہو ر(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے وزیرداخلہ محسن نقوی نے منصورہ میں ملاقات کی اور آئی پی پیز مسئلہ پر حکومتی اقدامات اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر اسامہ رضی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت جماعت اسلامی سے راولپنڈی معاہدہ کے دوران کیے گئے وعدوں پر قائم ہے۔ آئی پی پیز معاہدوں سے متعلق عوام کو جلد خوش خبری ملے گی۔امیر جماعت نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے جب تک عوام کو ریلیف نہیں ملے گا،جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ حکومت بڑی تیزی سے آئی پی پیز مالکان سے مذاکرات کو حتمی شکل دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ اس سلسلے میں اب تک جو کام ہوا ہے اسے عوام کے سامنے آنا چاہیے۔ بجلی کے بلوں میں بنیادی ٹیرف میں کمی کی جائے۔ وزیرداخلہ نے یقین دلایا کہ بجلی کے بلوں میں عوام کو بڑا ریلیف ملے گا۔امیر جماعت نے وزیرداخلہ کو کے الیکٹرک کے حالیہ اقدامات اور زیادتیوں سے بھی آگاہ کیا ۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ حکومت اس پر توجہ دے گی۔ ملاقات میں ملک میںاور خصوصی طور پر بلوچستان، خیبرپختونخوا اور ضلع کرم میں امن و امان سے متعلق گفتگو ہوئی۔ وزیرداخلہ نے امیر جماعت کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
امیر جماعت نے وزیرداخلہ کوجماعت اسلامی کی تجویز پر مسئلہ فلسطین پر حکومت کی جانب سے منعقد کی جانے والی اے پی سی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اے پی سی میں اعلان کیے گئے فیصلوں پر حکومت نے تاحال کوئی پیش رفت نہیں کی۔ امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومتی سطح کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی اس مسئلہ کو بھی اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے اور اس سلسلہ میں 29دسمبر کواسلام آباد میں اہل فلسطین سے یکجہتی کے لیے بڑی ریلی کرے گی۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پوری امت کا مسئلہ ہے اور ہم اس ایشو پر پوری طرح تعاون کریں گے۔