کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ حقوق بلوچستان مہم کے سلسلے میں 29دسمبرکو بلوچستان کے قبائلی سربراہان کا مشاورتی اجلاس ہوگا۔5دسمبر کو ڈیرہ مرادجمالی اور 12دسمبر کو ڈیرہ اللہ یار میں بڑے بڑے جلسے کریں گے۔ سیکورٹی فورسزوحکمرانوں اورمافیازکی لوٹ مار پرخاموش نہیں رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے گوادرمیں تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آپریشن ،طاقت کے استعمال اور سیکورٹی فورسزکی تعیناتی نفرت ،بدامنی اوربدعنوانی میں اضافے کیلئے کیے جارہے ہیں۔ سیکورٹی فورسزکے کاروبارمیں ملوث ہونے سے بلوچستان میں نفرت ،بدعنوانی اوربدامنی میں اضافہ ہوا ہے ۔شاہراہوں پر ایف سی ،رینجرز،فوج کے بجائے پولیس لیویز تعینات کیے جائیں ۔ایف سی والے بلوچستان کے عوام کو انسان نہیں سمجھتے ۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے حالات منصوبہ بندی کے تحت خراب کیے جارہے ہیں۔ بارڈرزیاشاہراہوں کی سیکورٹی پرتعینات سیکورٹی اہلکاروں اور آفیسرزنے رشوت وبھتہ خوری کا بازارگرم کر رکھا ہے جس کی وجہ سے قانونی تجارت کے بجائے رشوت بھتہ دیکر غیر قانونی تجارت ہورہی ہے۔ بھتہ ،رشوت وغنڈہ ٹیکس دیکر کوئی بھی ممنوعہ غیر ممنوعہ چیزاسمگل کی جاسکتی ہے ۔بلوچستان کے عوام تاجروں اورنوجوانوں سے روزگار ،کاروباروتجارت کے مواقع چھین لیے گیے ہیں ۔بلوچستان کے اختیار ،وسائل،میڈیا، تجارت وکاروبارسب پر ملک وملت دشمن قوتیں مسلط ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے عوام بدحال، پریشان، بے روزگاراورمشکلات کے دلدل میں پھنس کررہ گئے ہیں، ان مظالم کیخلاف جماعت اسلامی سیاسی قوتوں، علمائے کرام اور قبائلی سربراہا ن کو متحد کر رہی ہے تاکہ بلوچستان کو جائز قانونی حقوق مل سکیں قبضہ نااہل مافیازکا راستہ روکھنا ہوگا ۔عوامی منشائ، عوامی رائے ،عوامی ووٹوں کے برخلاف زبردستی رقم لیکر مسلط کردہ قیادت وحکومت ہمارے مسائل کا حل نہیں بلکہ مسائل میں اضافے کا سبب ہے۔ بلوچستان میں یہاں کے عوام کی حکومت نہیں اس وجہ سے بھی مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہورہا ہے ۔
جماعت اسلامی حقیقی عوامی قوتوں کیساتھ مصنوعی مسلط کردہ لٹیروں کو ناکام بناناچاہتی ہے تاکہ ظلم وجبر اوربدعنوانی کا خاتمہ ،عوام کو حقوق ،نوجوانوں کو روزگار اور تاجروں کو کاروبار کے مواقع مل سکیں۔ بلوچستان کی حقیقی سیاسی قوتوں علمائے کرام اور قبائلی سربراہان کا جماعت اسلامی اوران کی قیادت پر بھر پور اعتماد ہے ۔بلوچستان میں بدعنوانی ،طاقت کااستعمال کرکے مصنوعی نااہل قیادت مسلط کرنے کا راستہ روکھ کر عوام کو حقوق دلانے کی جدوجہد کر رہے ہیں ۔