کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹائون میونسپل کارپوریشن جناح ٹائون کی جانب سے اپنی تمام یوسیز میں گلیوں سے کچرا اُٹھانے کے لیے ہیوی گاربیج رکشوں کی تقسیم کے موقع پر ٹاؤن آفس نزد سوک سینٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی متعصب سندھ حکومت ، وزیر بلدیات اور قابض میئر نے کراچی کے وسائل و اختیارات پر تو قبضہ کیا ہوا ہے ، ساری ذمہ داریاں لے لیں ہیں لیکن اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں نہ عوامی مسائل حل کر رہے ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ اختیارات و وسائل نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں اور صرف پیپلز پارٹی کی 46یوسیز نہیں بلکہ شہر کی تمام 246یوسیز کو فنڈز دیئے جائیں اور ان کی ترقیاتی اسکیمیں منظور کی جائیں ، واٹر کارپوریشن جس کے چیئر مین قابض میئر ہیں اپنے حصے کا کام نہیں کر رہے ، آدھے سے زیادہ شہر پانی سے محروم ہے ، یونیورسٹی روڈ پر 84انچ کی پانی کی مرکزی لائین 3مرتبہ ٹوٹ چکی ہے اور ایک دوسرے پر الزامات لگائے جا رہے ہیں ، سندھ حکومت ، کے ایم سی اور واٹر کارپوریشن کی نا اہلی کی سزا کراچی کے عوام پانی کے بحرا ن کی صورت میں بھگت رہے ہیں ، نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں پانی کا K-3کا منصوبہ مکمل اور 650ملین گیلن یومیہ کا K-4 منصوبہ شروع کیاگیا لیکن اس کے بعد 19سال ہوگئے ، شہر میں پانی کی ایک بوند کا اضافہ نہیں ہو سکا اس کی تمام تر ذمہ داری وفاق اور صوبے میں رہنے والی حکومتی پارٹیوں پر عائد ہو تی ہے اور ان کے لیے انتہائی شرم کا مقام ہے ، جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی کراچی کے عوام کی خدمت کی اور مثالی تعمیر و ترقیاتی پروجیکٹ مکمل کیے آج بھی ہمارے 9ٹاؤن میں بلدیاتی نمائندوں نے مختصر وقت میں اختیارات اور وسائل کی کمی کے باوجود عوامی خدمات انجام دیں ہیں اور ہم ٹائون کے فنڈز سے وہ کام بھی کر رہے ہیں جو قابض میئر کو کرنے چاہیئے تھے ، ہم نے 120پارکوں کو بحال اور کھیل کے میدانوں کو آباد کیا ، 32اسکولوں کو اپ گریڈ کیا جس کے بعد ان اسکولوں میں طلبہ و طالبات کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے ، 44ہزار اسٹریٹ لائٹس لگائیں ، پیور بلاکس کی سڑکیں تعمیر کیں اور سیوریج و پانی کی لائینیں بھی ڈالی گئیں ۔
منعم ظفر خان نے ہیوی لوڈر رکشوں کی چابیاں یوسی چیئر مینوں کے حوالے کیں ، تقریب سے ٹائون چیئر مین جناح رضوان عبد السمیع نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر امیر ضلع قائدین انجینئر عبد العزیز ، سٹی کونسل میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر مبشر حسن زئی ، جماعت اسلامی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈ ر قاضی صدر الدین ، وائس ٹائون چیئر مین حامد نواز ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، میونسپل کمشنر الٰہی بخش و دیگر بھی موجود تھے ۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ ایم ڈی واٹر کارپوریشن بڑے فخر سے کہتے ہیں کہ ہم نے واٹر ٹینکرز کے ذریعے 1ارب65کروڑ روپے کمائے ،وہ بتائیں کہ کراچی کے عوام اپنے گھروں کے نلکوں میں پانی سے کیوں محروم ہیں ، عوام کو واٹر ٹینکرز کے ذریعے مہنگے داموں پانی خریدے بغیر پانی کب ملے گا ؟ واٹر کارپوریشن پانی کی لائینوں کی مرمت اور بحالی میں مکمل طور پر ناکام ہے اور عوام کو پانی مسیر نہیں ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ سندھ حکومت اور قابض میئر نے متعصبانہ رویہ اور طرزِ عمل اختیار کر رکھا ہے ، صرف پیپلز پارٹی کی یوسیز میں فنڈز اور ترقیاتی اسکیموں کو منظور کیا جا رہا ہے جبکہ جماعت اسلامی کے تحت اپنے 9ٹائونز میں بلا تفریق ہر یوسیز میں عوامی مسائل حل کروائے جارہے ہیں ۔ ہم پیپلز پارٹی کی جانب سے تفریق اور امتیازی سلوک ہر گز قبول نہیں کریں گے ۔ کراچی کے عوام کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کی جدو جہد اور حقوق کراچی تحریک جاری رکھیں گے ، وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اہل کراچی کے حق کے لیے ہر قسم کے آئینی ، قانونی و جمہوری طریقے اور احتجاج کا راستہ بھی اختیار کریں گے ۔چیئرمین جناح ٹائون رضوان عبدالسمیع نے کہا کہ ہم عوام کی پریشانی کا احساس کرتے ہوئے کام کررہے ہیں ،کچرا اُٹھانا سندھ سولڈ ویسٹ کا کام ہے اور یہ ادارہ سندھ حکومت او ر قابض میئر کے تابع ہے اور اپنی ذمہ داری ادا نہیں کر رہا اس لیے ہم گلی ، محلوں میں کچرا اُٹھانے اور صفائی کے لیے ہر یوسی کو گاربیج لوڈنگ رکشے دے رہے ہیں ،جو یوسی اچھی کارکردگی دیکھائے گی مزید لوڈنگ رکشے دیں گے۔ہم بلا سیاسی تفریق ہر یوسی میں کام کررہے ہیں۔