بار کے تحفظات جلد دور کئے جائیں گے، جو میں نے کمٹمنٹ کی ہے ضرور پورا کروں گا،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

اسلام آباد  (صباح نیوز)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کے ملک کے دور دراز اضلاع کے دورے جاری ہیں۔رجسٹرار سپریم کورٹ کے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے سندھ کے ضلع گھوٹکی کا دورہ کیا ہے، دورے کے دوران چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججز سے ملاقات کی،

چیف جسٹس نے گھوٹکی اور ملحقہ اضلاع کی بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کے ساتھ بھی ملاقات کی۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ ملک دور دراز اور پسماندہ اضلاع کے بارے میں فکر مند ہے، ہر سطح پر انصاف کی فراہمی ججز کی آئینی زمہ داری ہے۔چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ خان آفریدی سیشن کورٹ گھوٹکی پہنچ گئے اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔گھوٹکی اسٹیشن روڈ پر عام ٹریفک کی روانی کو روک دیا گیا ہے ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ضلعی عدلیہ نظام انصاف کے بارے میں عوامی تاثر کو تشکیل دیتی ہے، ضلعی عدلیہ نظام پر اعتماد پیدا کرنے یا اسے ختم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے، عدالت آنے والے سائلین کیساتھ انسانیت اور احترام کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدالتیں انصاف کے طلبگاروں کے لیے امید اور انصاف کی کرن ہیں، عدالتی عملے کے لیے محفوظ و سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں گے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے گھوٹکی میں وکلا کی سہولت کے لیے ویڈیو لنک کی سہولت متعارف کرانے کی تجویز پیش کی، وڈیو لنک سے جغرافیائی رکاوٹوں کو ختم کیا جائے گا اور انصاف تک رسائی میں بہتری آئے گی۔

چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ججز کیلئے تالیاں نہ بجائیں، تسلی سے انسان خراب ہو جاتا ہے، ججز ٹھیک ہوتے ہیں آپ انہیں خراب کردیتے ہیں۔ گھوٹکی بار سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ بار کے تحفظات جلد دور کئے جائیں گے، جو میں نے کمٹمنٹ کی ہے ضرور پورا کروں گا۔ چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے تقدس کو برقرار رکھا جائے، چیف جسٹس سندھ نے آپ کے تمام مسائل سے آگاہ کیا ہے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ میں آپ کے جذبات کی قدر کرتا ہوں، میرے لیے فخر کی بات ہے، ضلع گھوٹکی خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع سے بہتر ہے۔