عمران خان سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ملاقات، سول نافرمانی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

راولپنڈی (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی ہے۔اڈیالہ جیل میں 9 مئی کو جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے بعد عمران خان سے علی امین گنڈاپور کی ملاقات ہوئی، جس میں سول نافرمانی کی تحریک سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  ملاقات کے بعد کمرہ عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 26نومبر احتجاج کے بعد سے ہمارے 200لوگ لاپتہ تھے مگر اب ان کی تعداد کم ہوکر صرف 54رہ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں سول نافرمانی تحریک کے حوالے سے مشاورت ہوئی کیونکہ ملک کے جو موجودہ حالات ہیں ان میں پاکستان کیلئے سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہداء اور زخمیوں کے حوالے سے کابینہ اور صوبائی سطح پر انکوائری کررہے ہیں، امید کرتا ہوں سیاسی جماعتیں غور و فکر اور مذاکرات کرکے کوئی حل نکالیں گی۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جن کی حکومت ہے وہ اشارہ دینگے تو مثبت ردعمل بھی آجائے گا، میری آفیشل میٹنگز میں گفتگو ہوتی رہتی ہے میں وہاں بھی بات کرتا ہوں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہفتہ 21دسمبر تک دونوں اطراف سے مثبت پیشرفت کی امید ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت سے مذاکرات کے لیے آمادہ ہوگئی ہے، اور عمران خان نے بات چیت کے لیے ایک کمیٹی بنادی ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے دورہ مصر سے واپسی پر اجلاس ہوگا جس میں حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔