لاہور(صباح نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ ملک میں غریب شخص سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے لیکن امیر ٹیکس نہیں دیتے۔ اب تمام لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے نظام بنایا جارہا ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے کالی بھیڑیوں کا صفایا کردیا۔لاہور چیمبر میں تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس وقت ہمیں انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس میں تقریبا 5 کھرب روپے سالانہ کی کمی کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک کا امیر طبقہ بالکل ٹیکس ادا نہیں کرتا، میں ایمنسٹی کے حق میں نہیں ہوں، فاریکس کے معاملے پر حکومت کے اقدامات اچھے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت حکومت یا کسی بھی ادارے کا ایف بی آر پر کوئی پریشر نہیں، اسمگلنگ روکنے کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جارہی ہے۔
راشد لنگڑیال نے کہاکہ شوگر ملوں پر ٹریک سسٹم لگانے سے وہ کافی پریشان ہیں، تاجروں اور صنعت کاروں کو کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس کے چنگل سے نکالنے کے لیے بھی سسٹم بنایا گیا ہے۔اس موقع پر صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد اور دیگر عہدیداروں نے کہاکہ ایف بی آر ٹیکس وصولی کا نظام آسان بنائے، حکومتی اداروں کے پاس تمام امیر لوگوں کا ڈیٹا موجود ہے، اس لیے انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، اور ریفامرز کا عمل جلد مکمل ہونا چاہیے۔