پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان آئی ایس پی ڈی پی کی اضافی فنانسنگ کیلئے330ملین امریکی ڈالر قرض کا معاہدہ

اسلام آباد(صباح نیوز)حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان انٹیگریٹڈ سوشل پروٹیکشن ڈویلپمنٹ پروگرام کی اضافی فنانسنگ کے لیے 330 ملین امریکی ڈالر کے قرض کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔ یہ پروگرام بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے پاکستان میں سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط اور وسعت دینے کے لیے جاری اے ڈی بی کی مالی امداد سے چلنے والے پروگرام کا حصہ ہے۔اس معاہدے پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور اے ڈی بی کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے دستخط کئے۔

وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پرسیکرٹری اقتصادی امور نے ادارہ جاتی صلاحیت کو بڑھانے اور خاص طور پر خواتین، نوعمر لڑکیوں اور کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کی تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے رعایتی قرضے سے اس اضافی فنانسنگ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں اے ڈی بی کی مسلسل حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔ کنٹری ڈائریکٹر ایشیائی ترقیاتی بینک نے سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے میں حکومت پاکستان کی حمایت کے لیے بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اضافی فنانسنگ پروگرام کے اہداف کو حاصل کرنے میں معاونت کرے گی جس میں جامع ترقی، غربت میں کمی ، ترقی اور متوسط آبادی کے لیے صحت کی دیکھ بھال تک رسائی شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرض کے اس معاہدے پر دستخط پاکستان میں سماجی تحفظ کے نظام کو بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔