مری گرینڈ جرگے میں حکومت کے سوا تمام جماعتیں موجود ہیں، شاہد خاقان عباسی

مری (صباح نیوز)حکومت پنجاب کے مری ڈیولپمنٹ پلان کے خلاف سیاستدان سمیت تاجر اور عوام یک زبان ہوگئے ہیں۔ مری لوئر ٹوپہ کے مقام پر عوام نے احتجاج کیا جبکہ مری میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ جھیکا گلی بازار کی ری ماڈلنگ اور مال روڈ پر سیکشن فور کو فوری ختم کیا جائے۔

احتجاجی شرکاء سے خطاب کے دوران سابق  وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مری گرینڈ جرگے میں حکومت کے سوا تمام جماعتیں موجود ہیں، یہاں کے عوام اپنا حق مانگنے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔ مری میں احتجاجی مظاہرین سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مری کے لوگ اپنا حق مانگنے کے لئے احتجاج کر رہے ہیں، آپ کس قانون کے تحت لوگوں کی بلڈنگزگرارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے جنگل کا قانون نافذ کر دیا ہے، حکومت تحفظات دورکرنے کے لئے عوام کو اعتماد میں لے۔ لوگوں کی بلڈنگز گرانا کیا مری کی ترقی ہے؟شاہد خاقان نے کہا کہ ماضی میں کبھی مری میں دفعہ 144 نافذ نہیں کیا گیا۔ حکومت آئینی ترمیم بھی رات کے اندھیروں میں کررہی ہے، حقوق کاتحفظ نہیں ہواتوپھرہم حق لینابھی جانتے ہیں۔