اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان-یورپی یونین مشترکہ کمیشن کا اجلاس گزشتہ دنوں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوا، بات چیت میں حالیہ سیاسی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،جمعہ کو دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 14ویں پاکستان یورپی یونین جوائنٹ کمیشن کے بعد مشترکہ پریس ریلیز میں کہا گیاہے کہ پاکستان اور یورپی یونین نے اپنے تعاون اور پائیدار مصروفیت کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے ،خاص طور پر تجارت، نقل مکانی،
انسانی حقوق، سیاسی، اقتصادی اور ترقیاتی تعاون جیسے شعبوں میں گلوبل گیٹ وے حکمت عملی پر توجہ مرکوز کی گئی۔ فریقین نے خوراک، توانائی کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے ابھرتے ہوئے چیلنجز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔مشترکہ کمیشن کی مشترکہ صدارت سیکرٹری وزارت اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر برائے ایشیا اور پیسفک یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس پاولا پامپالونی نے کی۔ یورپی یونین پاکستان جوائنٹ کمیشن کا اگلا اجلاس 2025 میں برسلز میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔