وزیراعظم محمد شہباز شریف سے تاجکستان کے وزیر برائے توانائی دلیر جمعہ کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)زیراعظم محمد شہباز شریف سے تاجکستان کے وزیر برائے توانائی دلیر جمعہ نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ دلیر جمعہ پاکستان -تاجکستان جوائنٹ کمیشن میں شرکت کے لئے پاکستان کے دورہ پر ہیں۔

وزیراعظم نے دلیر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان -تاجکستان جوائنٹ کمیشن کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اپنے دورہ تاجکستان اور تاجک صدر امام علی رحمان سے ریاض اور باکو میں اپنی حالیہ ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے تاجک صدر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ تاجکستان کے صدر جلد پاکستان  کا دورہ کریں گے.وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں/معاہدوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے زور دیا کہ ان پر بروقت عمل درآمد سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

تاجکستان کے وزیر نے پاکستان میں استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید بہتر بنانے اور تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ملاقات میں کاسا-1000 سمیت علاقائی روابط کے دیگر منصوبے بھی زیر بحث آئے۔ دونوں فریقین نے مواصلات خصوصا زمینی روابط ، توانائی ، تعلیم، زراعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر سرمایہ کاری و مواصلات عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری ، وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران بھی موجود تھے۔