صدر و زیراعظم کا پختونخوا اور بلوچستان میں مختلف آپریشنز کے دوران 43 دہشت گرد ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مختلف آپریشنز کے دوران 43 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ،صدر مملکت نے اپنے جاری بیان میں فتنہ الخوارج اور بلوچستان میں سرگرم دیگر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر فورسز کی بہادری کو سراہا،

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بہادر افواج دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے ہر وقت سرگرم عمل ہیں، صدر مملکت نے کہاکہ مختلف آپریشنز کے دوران بڑے پیمانے پر دہشتگردوںکاخاتمہ سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے، پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز کے کردار کی معترف ہے، صدر مملکت نے کہاکہ امید ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشتگردی کے خِلاف مزید کامیابیاں حاصل کریں گی، صدر مملکت نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا ہے،

علاوہ ازیں زیراعظم محمد شہباز شریف   نے 9 دسمبر 2024 سے اب تک صوبہ بلوچستان اور صوبہ خیبر پختونخوا میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے  وزیراعظم  نے ضلع پنجگور،  موسی خیل، لکی مروت اور دیگر علاقوں میں مختلف آپریشنز کے دوران 43 خوارجی دہشت گردوں جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم نے کہاکہ ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں