محمد جاوید قصوری ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی کے صدر جبکہ میاں شبیر احمد قادری سیکرٹری جنرل منتخب

لاہور (صباح نیوز) ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی کا اہم اجلاس  صوبائی دفتر منصورہ میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے اس اہم اجلاس میں مختلف دینی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں محمد جاوید قصوری کو آئندہ تین سال کے لئے ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی کا صدر جبکہ میاں شبیر احمد قادری کوسیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر نائب صدور سید ساجد حسین نقوی، اکبر علی کاظمی،علامہ امیتاز حسن کاظمی،مولانا محمد ادریس فاروقی، مولانا مختار سواتی،مولانا محمد ادریس یزدانی،چوہدری آفتاب منتخب ہوئے۔

ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان ہونگے۔ مولانا نوید زبیری،مرزا تجمل بیگ،سید صفی الحسن، سید حسین ضیا کاظمی،انجم رضا ترمذی،اویس شاہ نقوی،پروفیسر ابو بکر صدیق،انجینئر علی رضا نقوی،قاری وقار چترالی،مولانا عبد الشکور،سید طاہر محمود بخاری کوڈپٹی سیکرٹرجنرلز منتخب کیا گیا جبکہ رابطہ سیکرٹری مفتی عمر منتخب ہوئے۔غزہ، فلسطین،شام کی صورتحال اورملی یکجہتی کونسل پنجاب کے آئندہ تین سال کے لئے عہدیداران کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس کے اختتام پرمرکزی رہنما جماعت اسلامی و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مڈل ایسٹ میں حالات بڑی خرابی سے دوچار ہیں، غزہ کے مسلمانوں  نے بڑی استقامت کے ساتھ اسرائیل کا مقابلہ کیا۔

مشرقی وسطیٰ میں سازشوں کا سلسلہ جاری ہے۔اسرائیل کا شام کے علاقوں پر قبضہ تشویشناک اور قابل مذمت ہے اسرائیل کا اگلا ہد ف ایران اورنشانے پر پاکستان ہے خطرات ہماری دہلیز پر آگئے ہیں پاکستان سمیت امت مسلمہ کی قیادت کو قبلہ اول کی آزادی کے لئے سیاسی، معاشی اور عسکری  بنیادوں پر مشترکہ لائحہ عمل بنانا ہوگا۔ایران، پاکستان اور افغانستان کے پائیدار تعلقات وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی چا ہے بلوچستان میں ہو یا خبیر پختونخواہ میں ہو، چاہے آرمی کے جوانوں کی شہادت کے واقعات ہوں، اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہئے عوام غیر محفوظ ہو گئے ہیں۔حکومت عملاً امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

قومی ایکشن پلان پر موثر انداز میں عمل کیا جانا چاہئے۔ کرم ضلع خیبر پختونخواہ میں اس وقت المناک صورتحال ہے۔وہاں کے لوگ امن چاہتے ہیں پشتون جرگہ کے ذریعے پارہ چنارمیں مکمل امن لانے کی کوشش ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے لئے تمام رجسٹرڈ وفاق کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے، دینی مدارس کی تعلیم کا دشمن لبرل طبقہ اپنا کھیل کھیلتا رہے گا مگر ہمارا مطالبہ ہے کہ رجسٹرڈ تمام وفاق کو اعتماد میں لے کر اس مسئلے کو حل کیا جائے۔ ملی یکجہتی کونسل ملک میں قیام امن اور مختلف مسالک کے مابین ہم آہنگی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ بد قسمتی سے ملک میں ایک منظم سازش کے ذریعے فرقہ واریت پھیلائی جا رہی ہے، حکومت اس کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہغزہ میں جاری اسرائیلی دہشت گردی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔اسرائیل نے مظالم کی تمام حدود و قیود کو عبور کر لیا ہے۔جہاں ایک طرف اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے علمبر دار ممالک کے اصل چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں وہاں دوسری جانب اسلامی ممالک کے حکمران اور بالخصوص پاکستان کی حکومت ان مظالم پر خاموش ہے۔نو منتخب صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ملی یکجہتی کونسل اپنی اس اہم ذمہ داری کو بخوبی سر انجام دیتی رہے گی۔ پر امن پاکستان ہر کسی کے مفاد میں ہے۔ حکمران ہر محا ذ پر ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ مہنگائی بے روز گاری اور لاقانونیت میں اضافہ عوامی مسائل ہیں جن کو ترجیحی بنیادوں پر حل ہونا چاہئے۔ سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کو سیکولر ملک بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تمام مذہبی و دینی جماعتیں پاکستان کے اسلامی تشخص کو پامال نہیں ہونے دینگی۔