راولپنڈی(صباح نیوز)سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 3 علیحدہ کارروائیوں میں 22 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 6 اور 7 دسمبر کو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تین علیحدہ کارروائیوں کے دوران 22 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک کے علاقے گل امام میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اور کارروائی کے دوران فورسز نے دشمن کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 9 دہشت گرد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے جنہیں گرفتار کرلیا گیاہے۔
فورسز نے دوسری کارروائی شمالی وزیرستان میں کی جس کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور تیسری جھڑپ ضلع تھل میں اس وقت ہوئی جب دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی کوشش کی۔اعلامیے کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ 6 جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشتگرد کو ختم کیا جا سکے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔