اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایک اناڑی شخص نے ملکی ترقی کا راستہ روکا،پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستان کو بدنام کرنا ہے،ہماری حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے مشکل شرائط پر معاہدہ کیا، ایک جماعت فسادیوں اور انتشاریوں کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی لابی پی ٹی آئی کی حمایت کر رہی ہے، پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستان کو بدنام کرنا ہے، احتجاج اور دھرنوں سے ملک کو نقصان ہوتا ہے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، پی ڈی ایم حکومت نے ملکی معیشت کو بچانے کے لیے مشکل فیصلے کیے، ملک میں مہنگائی کم ہو کر 4 فیصد پر آگئی ۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج اور دھرنے کی سیاست کو دفن کرنا ہوگا، ہم نے اپنی سیاست پر ریاست کو ترجیح دی، ملک کی معیشت درست سمت پر گامزن ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے امن و امان قائم کرنا ہوگا، ایک جماعت پاکستان کے دشمنوں کے ہاتھوں میں یرغمال بن چکی ہے، اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو مارا گیا۔احسن اقبال نے کہا کہ اسرائیلی لابی غزہ کی صورتحال سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔