اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر مشاورت کی یقین دہانی کرادی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق آئی ایم ایف کے نمائندہ کی وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات ہوئی جس میں محمد اورنگزیب نے 37 ماہ کے آئی ایم ایف پروگرام کی راہ ہموار اور کامیاب تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 14 مہینوں میں جو اعتماد حاصل ہوا ،
اسے ایک جامع اور پائیدار ترقی کی راہیں فراہم کرنے کے لیے برقرار رکھا جانا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں نئے نمائندہ کی اسائنمنٹ پر ماہر بنیسی کا باضابطہ استقبال کیا اور اپنی سرکاری ذمہ داریوں کو نبھانے اور حکومت پاکستان کے ساتھ روزانہ کی ہموار مشاورت کی یقین دہانی کرائی۔ نمائندہ آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کی کامیابی سے تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔