راولپنڈی (صباح نیوز) سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک کردئیے جبکہ2زخمی حالت میں گرفتارکئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 4 دسمبر کو ضلع لکی مروت میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔ اعلامیے کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں 5دہشتگردوں کو جہنم واصل جبکہ دو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔ دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے لکی مروت میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا،
اپنے بیان میں صدر مملکت نے کاروائی کے دوران 5 دہشت گرد جہنم واصل کرنے، 2 زخمی کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی ، صدر مملکت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں خلاف کاروائیاں جاری رکھنے کے قومی عزم کا اظہار کیا،اپنے بیان میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے 5دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 5دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ جوانوں نے بروقت کارروائی کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔