اسلام آباد (صباح نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط سے متعلق حکومت سے بات کر یں گے ،جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی ملاقات کے دوران مولانا نے مدارس رجسٹریشن بل پرصدرکے دستخط نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔بلاول بھٹو پیپلزپارٹی کے وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ پہنچے اور ان سے ملاقات کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط سے متعلق حکومت سے بات کر یں گے۔ اس دوران ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ مدارس رجسٹریشن بل دونوں ایوانوں سے منظور ہوچکا ہے لیکن ابھی تک صدر نے دستخط نہیں کیے، جس پر ہمیں تشویش ہے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد میں راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ موجود تھے، جبکہ جے یو آئی کی جانب سے عبدالغفور حیدری،سنیٹر کامران مرتضی، حاجی غلام علی ، مولانا لطف الرحمان اور مولانا اسعد محمود نے ملاقات میں شرکت کی۔قبل ازیں بلاول بھٹوزرداری اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا۔ واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز حکومت کو 7 دسمبر کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط نہ ہوئے تو ہم 8 دسمبر کو پشاور میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔