پاکستان سمیت دنیا بھر میں معذوروں کا عالمی دن کل منایا جائے گا

 اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان سمیت دنیا بھر میں معذوروں کا عالمی دن3دسمبر کو منایا جائے گا۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں 10فیصد آبادی مختلف معذوریوں کا شکار ہے جن میں 80فیصد افراد ترقی پذیر ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم  شہباز شریف  اور  وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے  معزور افراد   کے لیے  روزگار، کھیل، تعلیم اور دیگر سماجی و اقتصادی سرگرمیوں سمیت تمام شعبوں میں ان کی شرکت کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔

صدرآصف علی زرداری  نے  اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان زندگی کے تمام شعبوں میں خصوصی افراد کی مکمل شرکت یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں، ہم نے مختلف قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورکس کے ذریعے خصوصی افراد کو بااختیار بنانے اور ان کی فلاح کیلئے اہم اقدامات لیے ہے۔ آئی سی ٹی خصوصی افراد کے حقوق کے ایکٹ، 2020  کا نفاذ ایک تاریخی کامیابی ہے۔ اس ایکٹ میں زندگی کے تمام شعبوں میں خصوصی افراد کی بہتر رسائی، پیشہ ورانہ تربیت، ملازمت کے مواقع اور ایک جامع ماحول کی ضمانت دی گئی ہے۔صدرآصف علی زرداری  نے  کہا کہ ایکٹ کے تحت خصوصی افراد کے حقوق کیلئے کونسل کا قیام معذوری کے حامل افراد کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ایک جامع اور مربوط نقطہ نظر کی جانب اہم قدم ہے۔ یہ کونسل خصوصی افراد کے حقوق اور بہبود کے لیے پالیسیوں کی تشکیل  اور نفاذ کے ساتھ ساتھ آگاہی کے لیے ایک مرکزی ادارے کے طور پر کام کرے گی۔

پاکستان خصوصی افراد کیلئے خصوصی تعلیم و تربیت کی اہمیت کا ادراک رکھتا ہے۔ اس سلسلے میں، ہم نے خصوصی افراد کی مختلف ضروریات پورا کرنے کیلئے خصوصی تعلیمی مراکز اور پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کا ایک ملک گیر نیٹ ورک تیار کیا ہے۔ خصوصی افراد کی خود انحصاری اور انہیں معاشرے کا کارآمد ممبر بنانے کیلئے یہ مراکز خصوصی افراد کو ضروری مہارتوں اور تعلیم سے آراستہ کریں گے۔ مزید برآں، سرکاری ملازمتوں میں خصوصی کوٹہ
 کے نفاذ سے معذوری کے حامل افراد کو روزگار کے مواقع تک رسائی حاصل ہوگی۔

اگرچہ خصوصی افراد کیلئے کافی اقدامات لیے گئے ہیں مگر ابھی بھی بہت کام کرنا باقی ہے۔ ہمیں معاون ٹیکنالوجی اور عوامی مقامات تک ان کی رسائی بڑھانے اور سازگار قانونی، سماجی اور معاشی حالات پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ روزگار، کھیل، تعلیم اور دیگر سماجی و اقتصادی سرگرمیوں سمیت تمام شعبوں میں ان کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ہمیں خصوصی افراد کو معیاری تعلیم، ہنر، صحت کی سہولیات، مہارتوں اور قابلیت کی بنیاد پر روزگار  اور ملازمتوں کے کوٹے پر مکمل طور پر عمل درآمد کرکے ایک سازگار ماحول فراہم کرنا  ہے۔میں معاشرے کے تمام طبقات سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے میں ہماری مدد کریں جہاں خصوصی افراد کے ساتھ عزت کا برتا کیا جائے اور انہیں ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے ضروری وسائل مہیا کیے جائیں۔ آئیے ، مل کر ایک ایسے جامع پاکستان کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں، جہاں ہر فرد کو، اس کی اہلیت سے قطع نظر، اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملے۔