اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہیکہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،سعودی عرب کے ساتھ متعدد شعبوں میں اشتراک جاری ہے، پاکستان اپنے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم نے دونوں ممالک کے مابین جاری مختلف منصوبوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ متعدد شعبوں میں اشتراک جاری ہے، پاکستان اپنے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔
وزیراعظم کو نومبر میں منعقدہ پاکستان سعودی عرب جوائنٹ ٹاسک فورس کے دوسرے اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی جس کے مطابق قلیل عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے 34 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جس میں سے 7 کو معاہدوں کی شکل دی جا چکی ہے جن کی مالیت 560 ملین ڈالر ہے۔اجلاس میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قومی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد اور اعلی سرکاری افسران شریک تھے۔