اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات(یو اے ای)کی قیادت اور عوام کو 53 ویں قومی دن پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں متحدہ عرب امارات کے ترقی اور خوشحالی کے شاندار سفر پر فخر ہے جو شیخ زاید بن سلطان النہیان مرحوم کی دانشمندی اور فہم و فراست کی وجہ سے ممکن ہوا۔انہوں نے کہا کہ جدت کے اس وژن کو میرے بھائیوں شیخ محمد بن زید النہیان اور شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے آگے بڑھایا ہے، پاکستان ہمیشہ سے یو اے ای کا ثابت قدم بھائی اور شراکت دار رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور انہیں باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے، پاکستان متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد!۔
Load/Hide Comments