پاکستان نے پہلے ٹی 20 میں زمبابوے کو شکست دے دی، شاہینوں کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہوگئی

 بلاوائیو (صباح نیوز)پاکستان نے سیریز کے پہلے ٹی 20 کرکٹ میچ میں زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دے دی، شاہینوں کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہوگئی ۔ ابرار احمد اور سفیان مقیم نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔تفصیلات کے مطابق زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے اور 166 کا ہدف دیا۔ 166 رنز ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گری جب برین بینٹ 6 کے اسکور پر پویلین لوٹے،

پھر دوسری وکٹ 18 پر گری۔ زمبابوے کی تیسری وکٹ 77 رنز پر اس وقت گری جب مارومانی 33 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے۔ زمبابوے کی چوتھی وکٹ 87رنز پر گر گئی اور ریان برل صرف 3 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد 92 پر پانچویں اور 95 پر چھٹی وکٹ کپتان سکندر رضا کی گری، وہ 39 رنز کی اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے۔ پھر 102 کے مجموعی اسکور پر ویلنگٹن 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے، اس کے بعد 107 اور 108 کے مجموعی اسکور پر مزید 2کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کے ابرار احمد، سفیان مقیم نے 3،3 حارث رف نے دو اور جہاں داد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ عمیر یوسف اور صائم ایوب نے پاکستانی اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستان کو پہلا نقصان 18 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب عمیر یوسف 16 رنز بناکر کیچ آئوٹ ہوگئے، 57 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 24 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 91 کے مجموعی اسکور پر عثمان خان 39 رنز بناکر جبکہ 100 کے مجموعی اسکور پر کپتان سلمان علی آغا 13 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ طیب طاہر 39 اور عرفان خان 27 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، زمبابوے کی طرف سے رچرڈ نگروا، سکندر رضا، ویلنگٹن مساکادزا اور ریان برل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم سلمان علی آغا کی کپتانی میں میدان میں اتری جبکہ زمبابوے کی قیادت سکندر رضا کررہے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی 20 میچ منگل اور تیسرا و آخری ٹی 20 جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ میچ میں فاسٹ بولر حارث رئوف نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جس کے بعد وہ ٹی20 فارمیٹ میں پاکستان کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، اب ان کی کل وکٹیں 109 ہوگئی ہیں۔ اس سے قبل قومی ٹیم کے آل رانڈر شاداب خان اور حارث رف 107 وکٹیں حاصل کرکے برابر تھے، تاہم آج حارث رف ان سے آگے نکل گئے ہیں۔