راولپنڈی،لاہور،پشاور (صباح نیوز ) وزیراعظم میاںمحمد شہباز شریف نے بنوں میںدہشتگردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے کیپٹن محمد زوہیب الدین شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ 29 اور 30 نومبر 2024ء کو بنوں اور خیبر میں دہشتگردوں کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد زوہیب دین شہید کی نماز جنازہ پشاور اور بنوں گیریژن میں ادا کردی گئی۔
آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیے کے مطابق نماز جنازہ میں لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری ، کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ عسکری حکام اور جوانوں نے شرکت کی۔ کیپٹن زوہیب دین شہید اور سپاہی افتخار حسین شہید کو انکے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کیساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دفاع وطن میں ہمارے شہدا کی یہ عظیم قربانیاں ہمارے جذبے اور عزم کو تقویت دیتی ہیں۔
پاکستان کی مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لاہور میں کیپٹن محمد زوہیب الدین شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا، اعلی سول اور فوجی افسران بھی نماز جنازہ میں شریک تھے۔وزیراعظم کی شہید کیپٹن زوہیب کے اہل خانہ سے ملاقات اور اظہار تعزیت ۔وزیراعظم کا شہید کیپٹن زوہیب الدین کو خراج عقیدت ۔
وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ شہید کیپٹن زوہیب نے انتہائی بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، شہید کیپٹن پر پوری قوم کو فخر ہے ؛ ہم شہید کیپٹن کو سلام پیش کرتے ہیں۔کیپٹن محمد زوہیب الدین نے 30 نومبر 2024 کو ضلع خیبر کے علاقے شگئی میں ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ آپریشن کے نتیجے میں تین خوارج کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ دو کو گرفتار کیا گیا۔