سپریم کورٹ کاآئینی بینچ کل آڈیو لیک کیس کی سماعت کرے گا

اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان کاآئینی بینچ آج (سوموار)کے روز آڈیو لیک کیس کی سماعت کرے گا۔ جبکہ بینچ بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ اور آئی پی پیز معاہدوں کے خلاف دائر درخواستوں پر بھی سماعت کرے گا۔آئینی بینچ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتمادکے دوران پارلیمانی پارٹی کے فیصلہ کے خلاف ارکان قومی اسمبلی کے دیئے گئے ووٹوں کوکالعدم قراردینے کی درخواست پر سماعت کرے گا۔

جبکہ بینچ چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کی 10جولائی 2024کوجاری نوٹیفیکیشن کے تحت تعیناتی کے خلاف دائر د رخواست پر سماعت کرے گا۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میںجسٹس جمال خان مندوخیل،جسٹس محمدعلی مظہر، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اخترافغان پر مشتمل6 رکنی آئینی بینچ فائنل کاز لسٹ میں شامل 10کیسز کی سماعت کرے گا۔

آئینی بینچ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لئے 19مئی2023کو جاری نوٹیفکیشن کو آئین پاکستان کے خلاف قراردینے کے لئے دائر5 درخواستوں پر سماعت کرے گا۔درخواستیں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان، سابق صدر سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن عابدشاہد زبیری، مقتدر اخترشبیراور ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔ درخواستوں میں وفاق پاکستان اوردیگر کو سیکرٹری کابینہ ڈویژن کے توسط سے فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزاروں کی جانب سے سینئر وکیل سینیٹر حامد خان ، سینئر وکیل ڈاکٹر ظہیر الدین بابر اعوان، محمد شعیب شاہین، امان اللہ کنرانی اوردیگر بطور وکیل پیش ہوں گے۔

جبکہ عدالتی نوٹس پر اٹارنی جنرل آف پاکستان بیرسٹر منصورعثمان اعوان پیش ہوں گے۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے بانی پی ٹی آ ئی سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔بینچ ای اوبی آئی پینشنرز کی جانب سے دائر 66درخواستوں پرسماعت کرے گا۔ درخواستیں علی محمد، ملک نورحسین، عابدحسین، حاجی محمد اقبال، عاشق حسین، محمد رفیق، محمد ریاض، محمد اقبال، رانا محمد رمضان، ظفراقبال اوردیگر کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔

دوران سماعت اٹارنی جنرل آف پاکستان منصورعثمان اعوان، چیئرمین ای اوبی آئی، ڈی جی ای اوبی آئی، سیکرٹری وزارت خزانہ، سیکرٹری وزارت سمندرپارکستانیز، سیکرٹری وزارت افرادی قوت، چیف ایگزیکٹ ای اوبی آئی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان اوردیگر عدالتی نوٹس پر پیش ہوں گے۔ جبکہ بینچ غلام مجتبیٰ خان کی جانب سے احتساب عدالت نمبر 5لاہور کے جج اوردیگر کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرے گا۔ درخواست میں قومی احتساب آرڈیننس 1999کی دفعہ 33-Eکو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزارکی جانب سے آفتاب عالم یاسر بطور وکیل پیش ہوں گے۔

آئینی بینچ سید فیاض علی شاہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتمادکے دوران پارلیمانی پارٹی کے فیصلہ کے خلاف ارکان قومی اسمبلی کی جانب سے دیئے گئے ووٹوں کوکالعدم قراردینے کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ درخواست میں وزیر اعظم پاکستان اوردیگر کوفریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزارذاتی حیثیت میں پیش ہوکردلائل دیں گے۔ جبکہ بینچ بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ اور آئی پی پیز معاہدوں کے خلاف دائر درخواستوں پر بھی سوموار کے روز سماعت کرے گا۔درخواستیں اختراقبال، محمد اسد منظور بٹ، وفاق ایوان ہائے صنعت وتجار ت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) ، اشبا کامران ،امتیاز گل اوردیگر کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔

رجسٹرار آفس نے درخواستوں پر اعتراضات عائد کر رکھے ہیں، درخواست گزاروں نے رجسٹرار اعتراضات کیخلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔ جبکہ بینچ طاہرفرازعباسی اوردیگر کی جانب سے چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کی 10جولائی 2024کوجاری نوٹیفیکیشن کے تحت تعیناتی کے خلاف دائر د رخواست پر سماعت کرے گا۔ درخواست گزار کی جانب سے وفاق پاکستان اوردیگر کوفریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابدشاہد زبیری اور شفقت محمود بطور وکیل پیش ہوں گے۔