خان پور (صباح نیوز) جمعیت علما اسلام (جے یو آئی)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جو کچھ ہوا وہ اچھا نہیں تھا، اس وقت خیبرپختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، ہم صوبے کو مرکز سے لڑانے کے حق میں نہیں۔
خان پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کسی پارٹی پر پابندی لگانا اور گورنر راج مسائل کا حل نہیں، اس وقت ایسے حالات نہیں کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے کوئی امید رکھی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، وہی حکومت عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے جو عوام کی نمائندہ ہو۔
ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ موجودہ حکومت کو ایک دن بھی اقتدار میں رہنے کا حق نہیں، تاہم یہ کتنا عرصہ چلتی ہے اس حوالے سے کچھ کہا نہیں جاسکتا۔
انہوں نے کہاکہ 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے ابھی تک کوئی اطلاعات نہیں، نہ ہی اس حوالے سے ہم سے کوئی رابطہ کیا گیا۔ سربراہ جے یو آئی نے مزید کہاکہ صدر مملکت نے مدارس سے متعلق بل پر ابھی تک دستخط نہیں کیے۔ صحافی نے جب سوال کیاکہ کیا ڈونلڈ ٹرمپ عمران خان کو رہا کرالیں گے؟ تو اس کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ کیا اب پاکستان کے فیصلے ٹرمپ کریگا؟ ساتھ ہی بولے۔ اناللہ واناالیہ راجعون۔