لاہور(صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ،وزیراعظم شہباز نے ملائیشیا کی متعدد ریاستوں میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر ملائیشیا کے برادرانہ عوام کے لئے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ملائیشین بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نے اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے حوالے سے ملائیشین حکومت کی تیز تر اور موثر اقدامات کی تعریف کی۔وزیراعظم نے ملائیشیا کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی اور اپنے ملائیشیا کے بہن بھائیوں کے لیے پاکستان کی حمایت کی علامت کے طور پر فوری طور پر انسانی امداد بھیجنے کا اعلان کیا۔ اس سال اکتوبر میں وزیر اعظم انور ابراہیم کے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس امر پر اطمینانکا اظہار کیا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے دوران جن تجارتی مسائل کی نشاندہی کی گئی تھی ان میں سے بیشتر کو خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا ہے۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم نے پاکستان کی حمایت پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کو تمام اہم شعبوں میں تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں رہنمائوں نے اعلی سطحی دوروں کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا، وزیراعظم کی سطح کے ساتھ ساتھ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کے اگلے سال کے شروع میں کوالالمپور کا دورہ کرنے کی توقع ہے۔