صوبہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں زلزلے کے جھٹکے


پشاور(صباح نیوز)پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔ ریکٹر اسکیل پر شدت 5.2 بتائی گئی ہے۔ جمعرات کی شام پشاور، مالا کنڈ، سوات، مانسہرہ سمیت ان سے منسلک دیگرعلاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں بھی جھٹکے محسوس کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ جمعرات کونیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق زلزلہ کے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔ زلزلے کے جھٹکے مینگورہ، ضلع سوات اور ملاکنڈ ڈویژن سوات، بٹگرام، لوئر دیر، چترال، دیر بالا، ملاکنڈ، شانگلہ، چارسدہ، مانسہرہ اور گرد و نواح میں محسوس کیے گئے ہیں۔

نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق زلزلے کی گہرائی 212 کلومیٹرتھی، زلزلے کے جھٹکوں کا دورانیہ 15 سے 20 سیکنڈ تھا۔ رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے شدید تھے اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔ اس سے قبل بدھ کی درمیانی شب بھی مینگورہ شہر اور اس کے نواح میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔