کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے،تشدد کا راستہ ملک کو انارکی اور نئے بحران کی طرف لے جاسکتا ہے، مفاداتی،انتقامی اور انتشار کی سیاست نے ملک کو معاشی، سیاسی واخلاقی بحرانوں کی طرف دھکیل دیا ہے، پاراچنار سانحے سے لیکر بلوچستان میں پے درپے دہشتگردی کے واقعات اور سندھ میں ڈاکو راج سے لگتا ہے کہ اس وقت ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، من پسند ججز کے ذریعے عوام کیلئے انصاف کی آخری امید بھی چھین لی گئی ہے۔قرآن وسنت کا نظام، دیانتدار قیادت اورفارم47کی بجائے عوام کی منتخب قیادت کے حوالے اقتدار کرنے سے ہی ملک کوسیاسی ومعاشی بحران سے نکالا جاسکتا ہے۔
جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کرنے والے وفود سے بات چیت اور حلقہ خواتین سندھ کی تربیت گاہ برائے ارکان سے خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اتحاد امت کی داعی جماعت ہے عالم کفر امت کے اتحاد کو پارہ پارہ کرکے اپنے مذموم مقاصدحاصل کرنا چاہتا ہے۔ پارہ چنار واقعے کو بھی فرقہ واریت کا رنگ دیکر پورے ملک میںفسادات بڑھکانے کی کوشش کی گئی مگر تمام دینی جماعتوں اور ملی یکجہتی کونسل نے اغیار کی سازش کو ناکام بنادیا ۔انہوں نے زور دیا کہ ہر فرد تحریک کی دعوت کا عملی نمونہ بن کر گھر گھر جماعت اسلامی کی دعوت وپیغام کو پہنچانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔