بشریٰ بی بی نے پارٹی اور صوبائی حکومت کو ٹیک اوور کر لیا،جلد چیئرپرسن بن جائیگی ،فیصل کریم کنڈی


پشاور(صباح نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی نے پارٹی اور صوبائی حکومت کو ٹیک اوور کر لیا،جلد چیئرپرسن بن جائیگی،بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے بچے باہر ہیں اور یہ پختونوں کے بچوں کو مروا رہے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے احتجاج پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹیآئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے پارٹی اور صوبائی حکومت کو ٹیک اوور کر لیا ہے وہ جلد چیئر پرسن بن جائیگی جب کہ علی امین گنڈاپور ڈمی وزیر اعلی کے طور پر کام جاری رکھیں گے علی امین گنڈا پور نے کارکنوں کو تنہا چھوڑنے کی روایت برقرار رکھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ فائنل کال مس کال ثابت ہوگی، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے بچے باہر ہیں اور یہ پختونوں کے بچوں کو مروا رہے ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ بشریٰ بی بی نے پارٹی ٹیک اوور کرلی ہے اور وہ اب خیبر پختونخوا میں بھی پنجاب کی کرپشن کی داستانیں رقم کریں گی۔