اسلام آباد(کے پی آئی)سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات کے حل کے بغیر پائیدار عالمی امن کا قیام ممکن نہیں۔ ایاز صادق نے برطانیہ کے ایک پارلیمانی وفد سے ملاقات کے دوران مقبوضہ جموںوکشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی استحکام اور امن کے لیے ان مسائل کو حل کرنا بہت ضروری ہے۔
سردار ایاز صادق نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کا ذکر کیااور کہا کہ پارلیمانی اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور اس نے ہمیشہ علاقائی امن کے لیے کوششیں کی ہیں۔سپیکر سے ملاقات کرنے والے برطانیہ کے پارلیمانی وفد میں برطانیہ کے خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقی کے دفتر میں وزیر/پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ ہمیش فالکنر ، پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، وزیر کے پرسنل اسسٹنٹ کالم میتھیوز، پولیٹیکل کونسلر زوئی ویئر، ڈپٹی
پولیٹیکل کونسلر مارک بیلی اور ہائی کمشنر کے پرنسپل پولیٹیکل ایڈوائزر ثاقب ریاض شامل تھے۔