کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے جماعت اسلامی ضلع باجوڑ کے جنرل سیکرٹری اور معروف تاجر رہنما محمد حمید صوفی کو عنایت کلے پھاٹک کے مقام پر ٹارگٹ کرکے شہید کرنے والے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
اپنے بیان میں کاشف سعید شیخ کا کہنا تھا کہ باجوڑ میں جماعت اسلامی کے رہنما کا قتل کھلی دہشتگردی اور حکومتی ناکامی ہے۔ اس سے قبل بھی باجوڑ میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ صوبائی امیر نے متاثرہ خاندان سے دلی اظہار ہمدردی مرحوم کی مغفرت درجات بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔