سی پیک اور گوادر پورٹ پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ سیدال خان


اسلام آباد(صباح نیوز)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ سمال انڈسٹریز کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران بلوچستان کی کاروباری صورت حال،اقتصادی پالیسی، انفراسٹرکچر کی ترقی اور صوبہ بھر میں تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کوئٹہ چیمبر آف کامرس اور تاجروں کے مسائل سمیت ٹیکسٹائل سے متعلق مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔موجودہ حکومت ملک میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے حوالے سے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ سمال انڈسٹریز کی کوششوں کو سراہا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ معاشی ترقی میں کاروباری برادری کا کردار انتہائی اہم ہے۔

پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔سی پیک اور گوادر پورٹ پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ سیدال خان نے کہا کہ گوادر پورٹ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے لیے بھی معاشی حب ہے۔ بلوچستان اور کوئٹہ کی کاروباری کمیونٹی نے ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ بلوچستان میں اقتصادی ترقی و خوشحالی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

سرمایہ کاری اور خطے میں سازگار کاروباری ماحول کے لیے حکومتی کاوشیں قابل تحریف ہیں ۔ ڈپٹی چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری ، کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔جامع ترقی کے حصول کے لئے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت سمیت تمام پیشہ وارانہ شعبوں میں شرکت کو یقینی بنانا ہوگا۔خوش قسمتی سے پاکستان کے پاس انسانی وسائل کا بہت بڑا خزانہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ فنی مہارت اور تربیت کے ذریعے انسانی وسائل کو ملک کا قیمتی اثاثہ بنایا جائے ۔ پاکستان کی ترقی وخوشحالی سے ہم سب کی ترقی ممکن ہے ۔