سیاستدانوں نے ہمیشہ اپنے مفادات کیلئے جمہوریت پر سمجھوتہ کیا،مولانافضل الرحمان


لندن (صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ سیاستدانوں نے ہمیشہ اپنے مفادات کیلئے جمہوریت پر سمجھوتہ کیا، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی کوششوں میں میرا کوئی کردارنہیں ،برطانیہ خواجہ آصف کے معاملے میں قانون کے مطابق کارروائی کرے۔

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ آئین اور جمہوریت پر شب خون مارا گیا، سیاستدانوں نے ہمیشہ اپنے مفادات کیلئے جمہوریت پر سمجھوتہ کیا،جمہوریت کی کمزوری میں سیاستدانوں کا بڑا کردار ہے۔ انہوں نے خواجہ آصف کے ساتھ لندن میں پیش آئے واقعہ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ برطانیہ خواجہ آصف کے معاملے میں قانون کے مطابق کارروائی کرے ۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم امریکہ کی سیاست میں مداخلت کرتے ہیں نہ انہیں اپنے ملک میں مداخلت کی اجازت دے سکتے ہیں، امریکہ میں ری پبلکن حکومت ہو یا ڈیموکریٹس، دنیا کیلئے انکی پالیسی ایک ہے ۔انہوںنے کہا کہ کسی سیاستدان کو قید کرنے کے حق میں نہیں ہوں تاہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی کوششوں میں میرا کوئی کردارنہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نئے قانون کے ذریعے ملک کے ہر شہری کو مشکوک بنا دیا گیا ہے۔