سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کو ان کی منفرد سیاسی اور مذہبی شناخت سے محروم کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت کا5اگست2019کا اقدام کشمیریوں کی عزت ، وقار اور شناخت پر ایک سنگین وار تھا، یہ ایک ایسا عمل تھا جسے نہ تو معاف کیا جائے گا اور نہ ہی بھلایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری 5 اگست کے فیصلوں کو اپنی الگ ثقافت و شناخت اور ورثے پر حملہ کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی اقدامات کو قبول کرنا اپنی منفرد شناخت اور ورثے کو کھو دینے کے متراد ف ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے خصوصی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری بی جے پی، آر ایس ایس کے مذموم ایجنڈے کو ناکام بنا دیں گے جس کا واحد مقصد جموں وکشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن و ترقی ہرگز ممکن نہیں، بھارت کو چاہیے کہ وہ غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل اور ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ ترک کر کے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دے۔ا نہوں نے کہا کہ کشمیری انصاف، وقار اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔