اسلام آباد (صباح نیوز)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتا ق خا ن نے کہاہے کہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے اتحاد و یکجہتی وقت کاتقاضاہے ،قائدین حریت کی جدوجہد قربانیاں اور استقامت قابل تحسین ہیں ،مسئلہ کشمیرکشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیاجائے ،کشمیری عوام اول روز سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز اور کشمیر فورم کے صدر جاوید الرحمن ترابی کی طرف سے امیر جماعت اسلامی اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین کے اعزاز میں دیئے جانے والے عشائیے سے خطاب کرتے ہوے کیا ، صدر کشمیر فورم اور ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز جاوید الرحمن ترابی نے اپنے فارم ہاؤس واقع اسلام آباد میں عشائیہ دیا، عشائیہ میں امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان سابق امیر جماعت اسلامی و سابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی سابق کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس محمود احمد ساغر نے خطاب کیا جبکہ عشائیہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد کشمیر راجہ جہانگیر خان نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر راجہ فاضل تبسم ،حریت کانفرنس کے راہنماؤں محمد حسین خطیب، شیخ عبدالمتین ،محمد رفیق ڈار، زاہد صفی راجہ شاہین امتیاز وانی ،اعجاز رحمانی، شمیم شال ،جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے رہنما ثناء للہ ڈار ، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے رہنما راجہ خالد محمود ،راجہ ذاکرخان ،عطا ء الرحمن چوہان، اشرف بلال ،راجہ مقبول سینئر صحافی راجہ بشیر عثمانی، عمیر میرسمیت دیگر نے شرکت کی ۔
امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا تھا، یہ حقیقت ہے کہ کشمیر کا خطہ پاکستان کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے، کشمیر کی اہمیت کو سمجھنے کے لئے ہم اس کے جغرافیہ، سیاست، دفاع، معاشرت اور معیشت کو دیکھ سکتے ہیں، کشمیر کا تعلق پاکستان سے ہے اور یہ خطہ ارض بھی پاکستان کے ساتھ گہری وابستگی رکھتا ہے، کشمیر کی آزادی کی تحریک کو سمجھنے کے لئے ہم تاریخ کو بھی دیکھ سکتے ہیں، مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسلمانوں نے اپنی آزادی اور حق خودارادیت کے لئے تاریخ ساز قربانیاں دی ہیں ان قربانیوں کا تقاضا ہے کہ آزادی کی اس تحریک کو منزل مقصود تک پہنچایا جاے سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہماری ذمہ داریاں بہت بڑھ چکی ہیں، ہمیں کشمیر کی آزادی کی تحریک میں اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا، ہمیں یکجہتی اور اتحاد کا مظہر بننا ہوگا، اور کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہونا ہوگا اور ہر سطح پر ہمیں آزادی کی تحریک کو سپورٹ کرنا ہوگی ،یہ ہماری ذمہ داری ہے جو ہم کو کشمیر کی آزادی کی تحریک میں ادا کرنی ہیں ،آزادی کے متوالوں نے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کر کے جس جد و جہد آزادی کی بنیاد رکھی تھی وہ آج تک جاری و ساری ہے،مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک کو کشمیریوں نے اپنے خون سے زندہ رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور انہیں اپنے جسم کا حصہ سمجھتے ہیں ،تحریک آزادی کشمیر، کشمیری عوام کی قربانیوں کی بدولت ایک نئے موڑ میں داخل ہو چکی ہے، کشمیری عوام کے عزائم کے سامنے بھارت جھکنے پر مجبور ہو گا اور قابض فوج کے حوصلے پست ہو چکے ہیں، مسئلہ کشمیر نے عالمی رائے عامہ کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے اور دنیا کو اس مسئلہ کے حل میں گہری دلچسپی لینا ہوگی۔اور بھارت پر دباؤ بڑھانا ہوگا ،سابق کنونیئر کل جماعتی حریت کانفرنس محمود احمد ساغر نے اظہار خیال کرتے ہوے کہا کہ آزادی کی اس تحریک میں لاکھوں کشمیریوں کا خون شامل ہے ،کشمیریوں کے بس میں جو کچھ تھا اس سے بڑھ کر انہوں نے اپنا کردار ادا کیا ہے ،بیس کیمپ اور پاکستان کو مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کو کامیابی کی منزل سے ہمکنار کرنے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ عشا ئیے کے میزبان جاوید الرحمن ترابی نے اظہار خیال کرتے ہوے کہا کہ آزادی کی اس تحریک میں قربانیوں کی لازوال داستان ہے جو ہمارے عزم و حوصلے کو مہمیز دیتی ہے یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،ان عظیم قربانیوں کے نتیجے میں کشمیری آزادی حاصل کرکے رہیں گے۔