اسلام آباد(صباح نیوز )وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے شہدا جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا جموں نے پاکستان کی محبت میں جو قربانی دی ہے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔بدھ کو یوم شہدائے جموں و کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیریوں نے پاکستان کی محبت میں انمٹ قربانیاں دی ہیں،تحریک آزادی میں شہدا جموں کا اہم مقام ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارتی فوج نے ڈوگرہ فوج اور آر ایس ایس کے ساتھ مل کر 3 لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا،شہدا جموں نے پاکستان کی محبت میں جو قربانی دی وہ رہتی دنیا تک یاد رہے گی۔انہوں نے کہا کہ انشااللہ شہدا کشمیر کا لہو رنگ لائے گا،کشمیریوں کو بھارت سے آزادی ملے گی ۔