الیکشن کمیشن ،سیاسی جماعتوں کو گوشوارے جمع کرانے کیلئے 21 نومبر تک مہلت

اسلا م آباد (صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کو گوشوارے جمع کروانے کیلئے 21 نومبر تک مہلت دیدی ۔بدھ کو الیکشن کمیشن میں 48 سیاسی جماعتوں کی جانب سے سالانہ گوشوارے جمع نہ کروانے کے معاملے پر سماعت ہوئی۔ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔سنی اتحاد کونسل ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی ، بی این پی مینگل سمیت متعدد سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن میں پیش، پی ٹی آئی نظریاتی ،ایم ڈبلیو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی سمیت کئی جماعتوں کا کوئی عہدیدار یا وکیل  پیش نہیں ہوا۔

ممبر سندھ  کے استفسار پر الیکشن کمیشن حکام نے بتایا سالانہ گوشوارے جمع نہ کروانے والی جماعتوں کا انتخابی نشان واپس لیا جا سکتا ہے ۔مختلف سیاسی جماعتوں نے سالانہ گوشوارے جمع کروانے کے لیے مہلت کی استدعا کی جو الیکشن کمیشن نے منظور کر لی اور کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔