امریکہ جنگ میں اسرائیل کا فریق بننے کی بجائے ایک ذمہ دار ملک بن کر ہنگامی بنیادوں پر جنگ بندی کروائے ، سراج الحق

اسلام آباد(صباح نیوز) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے غزہ میں جنگ بندی پر زور د یتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اس جنگ میں اسرائیل کا فریق بننے کی بجائے ایک ذمہ دار ملک بن کر ہنگامی بنیادوں پر جنگ بندی کروائے ،کشمیریوں کو خودارادیت کا حق ملنا چاہیے،وہ امریکہ کے کونسلر برائے سیاسی امور زیکری ہارکنرائڈر سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی ،

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ مسلمان اور غزہ کے لوگ اپنے ملک اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے جان قربان کرنا فخر سمجھتے ہیں لیکن جنگ کی آڑ میں غزہ کے معصوم لوگوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، انہو ں نے غزہ میں جنگ بندی پر زور دیا اور کہا کہ امریکہ اس جنگ میں اسرائیل کا فریق بننے کی بجائے ایک ذمہ دار ملک بن کر ہنگامی بنیادوں پر جنگ بندی کروائے، اسی طرح مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ بھارت کے حالیہ الیکشن مودی کی فاشٹ حکومت پر عدم اعتماد ہے کشمیریوں کو خودارادیت کا حق ملنا چاہیے جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں بھی موجود ہیں، پاکستان کے معاشی مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق امیر جماعت نے کہا کہ پاکستان  میں سیاسی استحکام اور اچھی حکمرانی ہی مضبوط معیشت کی ضمانت ہے ،جماعت اسلامی  پاکستان سمیت دنیا بھر میں عدل اور انصاف کی بنیاد پر امن کی خواہاں ہے، ملاقات میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم بھی شریک تھے۔