اسلام آباد(صباح نیوز)قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے منگل کو اسلام آباد میں وفاقی سطح پر محتسبین کے احکامات کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر ان نمائندگیوں پر کارروائی اور فیصلہ کرنے کے لئے صدر پاکستان کی طرف سے نامزد کردہ جسٹس (ر))عرفان قادر بھی موجود تھے۔ان نمائندگیوں میں وفاقی محتسب، کام کی جگہ پر ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ کے لیے وفاقی محتسب اور وفاقی انشورنس محتسب سے متعلق معاملات شامل تھے۔
سماعت کے بعد قائم مقام صدر نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ میں صدر مملکت نے اپنے نامزد کردہ نمائندہ کے ذریعے سینکڑوں مقدمات کا فیصلہ کیا ہے جن میں ایگزیکٹو کی بدانتظامی پر غریبوں، بیوائوں، معذور افراد بشمول اقلیتوں اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں مقدمات کا اس طرح فوری طور پر نمٹایا جانا بے مثال ہے۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ شہریوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ٹیکسیشن اور بینکنگ سیکٹر میں بھی بڑے پیمانے پر ریلیف فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی سطح پر محتسب کے ادارے بشمول صدر کے نامزد کردہ اعلی ترین فورم نے وفاقی حکومت کے تمام محکموں، خود مختار اداروں اور دیگر قومی اہمیت کے سرکاری اور نجی شعبے کے اداروں سے متعلق امور میں ایگزیکٹو کی بدانتظامی کے خلاف عام لوگوں کو ریلیف فراہم کیا ہے۔اس طرح ہر سال دو لاکھ سے زائد مقدمات کا فیصلہ ہو رہا ہے جہاں صدر پاکستان سب سے بڑا فورم ہے۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ میڈیا کو لوگوں کو اس بات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے کہ وفاقی سطح پر محتسب کے دفاتر کے قیام کے ذریعے بڑی تعداد میں شکایات کا پہلے ہی ازالہ کیا جاچکا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید کا بھی ازالہ کیا جائے گا