اسلام آباد(صباح نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ملاقات میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کی حمایت کے لئے اپنے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور ان کے وفد کا دفتر خارجہ میں استقبال کیا۔
دونوں وزرانے پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا اور تجارت، توانائی کے تعاون اور بہتر سرحدی انتظام کے ذریعے ان تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور عوام سے عوام کے رابطوں کو بڑھانے کی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے مشرق وسطی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کی حمایت میں اپنے مشترکہ عزم کا اظہار کیا