لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ہوں یا کمیلا ہیرس، پاکستان کو کملا بنائے رکھنا امریکہ کی مستقل پالیسی ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے سابق طلبہ رہنما اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما غلام عباس کے بیٹے کی دعوتِ ولیمہ تقریب اور منڈی بہائو الدین کے معروف بزنس مین، اوورسیز پاکستانیز کے رہنما احسان اللہ ساہی کے بیٹے کی تقریبِ ولیمہ میں خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہوں یا کمیلا ہیرس، پاکستان کو کملا بنائے رکھنا امریکہ کی مستقل حکمت عملی اور پالیسی ہے
،امریکہ اپنے مفادات کے تحفظ اور توسیع کے لئے پوری دنیا پر راج کا ہر حربہ استعمال کرتا ہے،عالمی قوتوں کے مقابلہ اور عالمی برادری میں باوقار مقام حاصل کرنے کے لئے پاکستان میں سیاسی، اقتصادی، عدالتی استحکام ناگزیر ہے،اندرونی انتشار، فساد اور عدم استحکام ترقی کی ہر راہ کو مسدود کردیتا ہے ،حکمران عوام، بالخصوص نوجوانوں کو مایوسی سے بچائیں ۔لیاقت بلوچ نے تبلیغی جماعت کے سالانہ اجتماع میں شرکت کے لئے آئے ہوئے بلوچستان، خیبرپختونخوا اور شمالی پنجاب کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رائیونڈ تبلیغی اجتماع اسلامیانِ پاکستان کے لئے ہوا کا تازہ جھونکا ہوتا ہے
،ملک بھر کے تمام علاقوں سے اللہ کے دین سے گہری وابستگی رکھنے والے اور نفرتوں، تعصبات، انتہاپسندی اور شدت کے بارودی ماحول میں اللہ کی توحید، قرآن و سنت سے جوڑنے اور اصلاحِ انسان کے لئے بھرپور محنت کی جاتی ہے،اللہ کے دین کو غالب کرنے کے لئے یہی جذبہ ہر شعبہ زندگی میں موجزن ہوجائے تو پاکستان، دکھوں، نفرتوں اور مصائب سے نجات پائے گا۔لیاقت بلوچ نے امریکہ، برطانیہ میں اوورسیز پاکستانیوں کے اسلوبِ احتجاج پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، برطانیہ میں جمہوریت، اختلافِ رائے کا طریقہ رائج ہے، بھونڈے اور پرتشدد احتجاج کی تو اس سماج میں گنجائش نہیں ،البتہ یہ بھی حقیقت ہے کہ پاکستان کے ہر دور کے حکمرانوں نے ملک کو برباد کیا، لوٹ مار کی اور قومی خزانہ کو بے دردی سے لوٹ کر ملک کو کنگال کردیا،بیرونِ ملک پاکستانی تو ملک سے محبت کرتے ہیں، انہیں دنیا بھر میں پاکستان کی رسوائی پر بجا طور پر غصہ اور اشتعال ہے ،بیرونِ ملک پاکستانی اپنے احتجاج کے انتقامی رویہ سے پاکستان کو مزید رسوا نہ ہونے دیں۔
لیاقت بلوچ نے سینئر قانون دان، وکیل اعتزاز احسن، سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ یاور عباس، لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر اسد منظور بٹ اور سابق صدور حافظ عبدالرحمن انصاری، چوہدری ذوالفقار علی اور اسلامک لائیرز موومنٹ کے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلا کی آئین، جمہوریت اور عدلیہ کے تحفظ کے لئے جدوجہد میں جماعتِ اسلامی وکلا کیساتھ ہے ،وکلا تحریک اور احتجاج منظم، پائیدار اور واضح لائحہ عمل اور اہداف کیساتھ ہو، وکلا تحریک پر کسی پارٹی اور وقتی جذبات، اپوزیشن اسلوب کی چھاپ نہ ہو تو پوری قوم ساتھ دے گی اور آئین، پارلیمنٹ اور عدلیہ پر شب خون مارنے والے تنہااور دیوار سے لگیں گے۔