کراچی(صباح نیوز)الخدمت مدارس تفہیم القران کے تحت معلمین ومعلمات کے لیے تعلیمی وتربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ،جس میں مدارس کے اساتذہ نے کثیر تعدادمیں شرکت کی ۔ معلمین ومعلمات سے جامعہ امام نعمان بن ثابت کے ڈائریکٹر مولاناحبیب احمد حنفی نے معلم کے اوصاف اورفصیح اللہ حسینی نے قرآن کی تعلیم اورجدیدطریقہ تدریس کے عنوانات سے پریزنٹیشن پیش کیں۔
ورکشاپ سے مہمان خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ الخدمت کراچی بنوقابل پروگرام کے تحت مدارس بالخصوص الخدمت کراچی کے معلمین ومعلمات کے جدیدآسان آئی ٹی کورسز کروائے گی جس کا مقصد مدارس کے اساتذہ کو دورجدیدسے ہم آہنگ کرناہے۔ انہوں نے کہاکہ قرآن کی تعلیم دینا کارنبوت ہے، پیشہ نہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے الخدمت مدارس کی تعلیمی وتربیتی ورکشاپ کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ورکشاپ میں جماعت اسلامی کیماڑی کے رہنما مولانافضل احد ، الخدمت مدارس کے ڈائریکٹرعنایت اللہ اسماعیل،کورنگی ٹاون سے یونین کونسل کے چیئر مین قاری منصوراحمداورمنیجر مدارس ایم ایچ اکبر نے بھی شرکاسے خطاب کیا۔راشد قریشی نے مزید کہاکہ الخدمت کے معلمین ومعلمات کارانبیاسے وابستہ ہیں ۔اس کام سے وابستہ افراد کو یہ یقین ہوناچاہیے کہ اللہ نے جورزق ان کے مقدرمیں لکھ دیا ہے، وہ انہیں ضرور مل کر رہے گا۔
انہوں نے کہا اساتذہ وقت کے پابندی کو اپناشعاربنائیں۔بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے جدیدٹیکنا لوجی اورذرائع ابلاغ کواستعمال کریں۔اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے مولاناحبیب احمدحنفی نے کہا کہ انبیاعلیھم السلام کے نمایاں کام کردارساز انسانوں پرمشتمل ایک بہترین معاشرے کی تشکیل تھا۔انہوں نے کہا حضور صلی اللہ علیہ وسلم معلم تھے۔ معلم کا کام صرف پڑھانا نہیں ہے بلکہ سکھانا بھی ہوتاہے۔ اسی لیے آپ بچوں سے محبت کرتے تھے ۔ ان کی غلطیوں کی اصلاح بھی اس اندازسے کرتے تھے کہ انہیں اس میں اپنی ہتک محسوس نہ ہو۔