اسلام آباد (صباح نیوز)جماعت اسلامی اسلام آباد کی ممبر سازی مہم بھر پور طر یقے سے جاری ہے ضلع بھر کی تمام یونین کونسلوں میں بڑی تعداد میں کار کنان جماعت اسلامی گھروں، مارکیٹوں اور مساجد کے باہر کیمپ لگا کر شہریوں کو جماعت اسلامی کی ممبر شپ کی دعوت دے رہے ہیں، اسلام آباد میں اب تک ہزاروں افراد نے رضا کارانہ طور پر جماعت اسلامی کی ممبر شپ اختیار کر تے ہو ئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حا فظ نعیم الرحمن کی قیادت پر بھر پور اعتماد کااظہار کیا ہے، ممبر سازی مہم کے سلسلے میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا، ملک عبدالعزیز، ناظمین زون و یونین کونسل مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔
جی ایٹ کا دورہ کر تے ہو ئے میاں محمد اسلم نے کہا بجلی کی اصل پیداروی لاگت کے مطابق پورے ملک میں یکساں ٹیرف نافذکیا جائے۔ اسی طرح آئی پی پیز معاہدوں کوبھی ختم کیاجائے، حکومت آئی پی پیز سے معاہدہ کے متعلق اخباری بیانات دینے کی بجائے عملی اقدامات اٹھائیں، فی لیٹر 60روپے پٹرولیم لیوی ختم کی جائے، عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت میں کمی ہوئی ہے جو 25روپے فی لیٹر بنتی ہے، لہٰذا فی لیٹر قیمت میں 85روپے کم کیے جائیں ، انہوں نے کہا کہ پانچ آئی پی پیز معاہدوں کے خاتمہ سے قومی خزانہ کو 441ارب روپے فائدہ ہوا ہے، مزید 8معاہدے ختم ہونے جا رہے ہیں جن سے 112ارب بچت ہو گی، 18آئی پی پیز سے بات چل رہی ہے، فوجی فائونڈیشن کے تحت چلنے والی پانچ اور حکمران خاندانوں کی ملکیتی آئی پی پیز کے معاہدے بھی ختم کیے جائیں